
ALT حال ہی میں لانچ ہونے والے ٹی وی چینل 'گرین انٹرٹینمنٹ' کا نیا ڈرامہ 'کابلی پلاؤ' اس وقت شائقین کی توجہ حاصل کر رہا ہے۔ اس ڈرامے کی کہانی ایک افغان پناہ گزین لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو اپنے ملک میں خراب حالات کی وجہ سے اپنے خاندان کے ہمراہ پاکستان آجاتی ہے۔ ڈرامے میں افغان مہاجر باربینا کا کردار اداکارہ سبینہ فاروق نے ادا کیا ہے۔ ڈرامے کی سب سے خاص بات اس میں افغان مہاجرین کی بے بسی کو ایک نئے انداز میں دکھایا گیا ہے جب کہ پاکستانی کلچر سے ان کی ناواقفیت پر بھی بات کی گئی ہے۔ افغانستان میں ہونے والی خانہ جنگی سے دربدر ہونے والے مہاجرین پر اس سے قبل بہت کم ڈرامے بنے ہیں اور شاید اسی وجہ سے 'کابلی پلاؤ' کی ہر قسط سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے میں کامیاب ہورہی ہے۔ گزشتہ منگل کو نشر ہونے والی ڈرامے کی پانچویں قسط کو اب تک پچیس لاکھ صارفین نے صرف یو ٹیوب پر دیکھا ہے جب کہ یوٹیوب پر موجود ڈراموں میں اس کا دوسرا نمبر ہے، پہلے نمبر پر بدستور جیو انٹرٹینمنٹ کا ڈرامہ 'احرام ِ جنون 'ہے۔






























