Pinned Tweet
میں سنبھالوں گا اس زمانے کو
تم نہ مشکل کوئی کھڑی کرنا
اک محبت نہ نبھ سکی ہم سے
اور پھر اس پہ دوسری کرنا
عمر ہی کتنی رہ گئی آرب
اب نہ دنیا سے دوستی کرنا
#قرطاس 🖤
تحریری مقابلے کے دوران جہاں شرکاء اپنے فن کے جوہر دکھا رہے تھے، وہیں ہمارے جج آرب ہاشمی کے ذہن میں بھی ایک طویل کہانی جنم لے رہی تھی۔ چونکہ یہ تحریر مقابلے کا حصہ نہیں تھی اور اس کی طوالت الگ سے فرصت اور توجہ چاہتی تھی، اس لیے اسے آج خصوصی طور پر شائع کیا جا رہا ہے۔
چرار کی ڈھلوانوں پر جب شام اترتی تھی تو پہاڑوں کے سینے سے اٹھنے والا گہرا سلیٹی رنگ کا دھواں تھا جو آہستہ آہستہ ہر شے کو اپنی لپیٹ میں لے لیتا۔ وادیٔ تیراہ کے اس آخری سرے پر ہوائیں جب دیودار اور چلغوزے کے قدیم پیڑوں سے الجھتیں تو ان میں پتوں کی سرسراہٹیں کسی پرانے زخم کی سسکی سنائی دیتی تھیں۔
کچے پتھروں اور گارے سے بنی اس تنہا کوٹھڑی کے باہر چولہے میں چیڑ کی گیلی لکڑیاں سلگ رہی تھیں۔ لکڑی کے مساموں سے پگھلتی ہوئی رال جب آگ کے شعلے کو چھوتی تو ایک تیز کڑوی باس فضا میں پھیل جاتی۔ اس دھوئیں کے پار اسفندیار اخروٹ کی لکڑی کے ایک بھاری کندے پر بیٹھا تھا۔ اس کی انگلیوں میں دبی چھوٹی سی کماندار چُھری لکڑی کے ایک بے شکل ٹکڑے کو بہت آہستگی سے چھیل رہی تھی۔ چِھلے ہوئے سفید ریشے اس کے گھسے ہوئے فوجی بوٹوں پر گر رہے تھے جیسےبرف باری ہورہی ہو۔
اس کا چہرہ کسی پتھر کی مانند ہو چکا تھا کھردرا، بے تاثر اور اپنے ہی اندر دھنسا ہوا۔ داڑھی کے گھنے بالوں میں چاندی کے تار الجھے ہوئے تھے اور آنکھوں کے پپوٹے اتنے بوجھل تھے جیسے وہ کئی برس سے سویا نہ ہو اور نہ ہی پوری طرح جاگا ہو۔ جو کوئی اسے دور سے دیکھتایہی گمان کرتا کہ شاید جنگوں کا تھکا ہوا کوئی آدمی ہے۔ لیکن اس کے اندر جھیل جیساٹھہراؤ تھا جس کی تہہ میں پوری کی پوری بستیاں ڈوبی ہوئی ہوں۔
چھری کی دھار لکڑی کے ٹکڑے پر پھسلی اور ایک ننھے سے گھوڑے کی گردن کا خم واضح ہوا۔ اسفندیار نے چھری روک کر اپنے دائیں ہاتھ کی پشت کو دیکھا۔ اس کی انگلیوں کے جوڑوں پر پرانے زخموں کے سفید نشانات تھے، لیکن ان کھردری پوروں کو آج بھی یاد تھا کہ تین سال پہلے جب اس کی چار سالہ بیٹی زویا اپنے ننھے مومی رنگوں (Crayons) سے اس کے ان زخم خوردہ ہاتھوں پر پھول بناتی تھی، تو وہ سانس تک روک لیتا تھا تاکہ بچی کی لکیر ٹیڑھی نہ ہو جائے۔ اور اس لمس کے ساتھ ہی چولہے کے دھوئیں میں خوشبو گھل گئی۔الائچی، بھیگی ہوئی مٹی اور مہرین کے دوپٹے سے آنے والی صندل کی ہلکی سی مہک۔
تین برس پہلے تک، شمالی وزیرستان کی تنگ گھاٹیوں سے لے کر خیبر کے دروں تک، موت اور زندگی کے درمیان حائل اس لکیر کا نام "الفا" تھا۔
فوج کے خفیہ آپریشنل نقشوں اور دشمن کے مخابراتی رابطوں میں میجر اسفندیار کا اصلی نام کہیں درج نہیں تھا۔ وہ اپنی پوری بریگیڈ کے لیے ایک جن تھا۔ شوال کے ان گھنے، تاریک جنگلات میں جہاں بارودی سرنگوں کے جال بچھے تھے، ایلفا نے تنِ تنہا دہشت گردوں کے کمانڈ سینٹر کو ان کے اپنے ہی بارود سے اڑایا تھا۔ دتہ خیل کی زیرِ زمین سرنگوں کا وہ محاصرہ آج بھی تربیتی اکیڈمیوں میں پڑھایا جاتا تھا، جب ایلفا نے بائیس گھنٹے تک منجمد کر دینے والے پانی میں چھپ کر، بغیر ایک گولی ضائع کیے، محض اپنے خنجر اور سائلنسر لگی رائفل سے اٹھارہ خودکش حملہ آوروں کو ان کے بستر پر ہی ابدی نیند سلا دیا تھا۔ راجگال کی برفانی چوٹیوں پر جب اس کی کمپنی برفانی طوفان اور دشمن کی شدید فائرنگ میں گھر گئی تھی، تو یہی ایلفا تھا جس نے اپنے کندھے پر گولی کھانے کے باوجود، تین میل تک رینگتے ہوئے دشمن کی مشین گن پوسٹوں کو پیچھے سے جا دبوچا تھا۔اس کی بریگیڈ کے جوان کہتے تھے کہ جب ایلفا میدان میں اترتا ہے تو ہوا بھی اپنا رخ اس سے پوچھ کرہی بدلتی ہے۔
اور اسی الفا کے مقابل سرحد کے دونوں طرف دہشت، بربریت اور خوف کا دوسرا نام ’طوری‘ تھا۔وہ دس سال تک غیر ملکی استخباراتی ایجنسیوں کی بھٹی میں پکا ہوا ایک ایسا بھیڑیا تھا جس نے دہشت گردی کو ایک باقاعدہ صنعت بنا رکھا تھا۔ سیاہ عمامے اور ایک آنکھ کے نیچے خنجر کے گہرے گھاؤ والا طوری اپنے قیدیوں کی کھال ادھیڑ کر ویڈیوز بنانے کے لیے مشہور تھا۔ پشاور کے بازاروں میں بارود سے بھری گاڑیوں کے دھماکےہوں، کوئٹہ میں نمازیوں سے بھری مساجد میں خودکش بمبار یاپھر اسکول کی وینوں پر ہونے والے حملےغرض ہر خون ریزی کے پیچھے طوری کا شیطانی دماغ اور اس کا نیٹ ورک کام کرتا تھا۔ وہ پہاڑوں کے ایسےغاروں میں چھپتا تھا جہاں عام انسانوں کا پہنچنا نا ممکن تھا۔مگر جب کمان ایلفا کے ہاتھ میں آئی تو شکاری خود شکار بن گیا۔
اسفندیار نے طوری کےٹھکانوں پر حملہ کرنے کے بجائے اس کی شہ رگوں پر ہاتھ رکھا۔ ایلفا نے بھیس بدل کر، کبھی قبائلی چرواہے کے روپ میں اور کبھی اسمگلروں کے قافلوں میں شامل ہو کر، طوری کے مالیاتی سہولت کاروں کو چھ ماہ کے قلیل عرصہ میں ایک ایک کر کے شکار کیا۔ اس نے تورا بورا سے جڑنے والی طوری کی خفیہ رسد گاہوں کو راکھ کا ڈھیر بنا دیا۔ اور پھر وہ رات آئی جب خیبر کی ایک سنسان گھاٹی میں ایلفا نے طوری کے قافلے پر گھات لگائی۔ اس معرکے میں طوری کے دونوں سگے بھائی اور اس کے بتیس وفادار کمانڈر مارے گئے۔ طوری خود اندھیرے اور بارش کا فائدہ اٹھا کر ایک نالے کے راستے زخمی حالت میں سرحد پار بھاگ گیااور سلطنت تاش کے پتوں کی طرح بکھرگئی۔
میدانِ جنگ کا یہ بے رحم ایلفا گھر پلٹتا تو کسی موم کے پتلے کی طرح پگھل جاتا۔گھر میں داخل ہوتے ہی اس کا سب سے پہلا کامواش بیسن پر گرم پانی اور صابن سے اپنے ہاتھوں کو دھوتا اور دیر تک دھوتا رہتا۔ سردیوں کی راتوں میں جب وہ باہر سے آتا تو اپنی بیٹی زویا کو گود میں اٹھانے سے پہلے ہیٹر کے آگے بیٹھ کر اپنے ہاتھوں کو خوب گرم کرتا، کہ کہیں اس کی برف جیسی انگلیوں سے بچی کو ٹھنڈ نہ لگ جائے۔
اسفندیار فرش پر گھٹنوں کے بل جھکا ہوا تھا اور زویا اس کی چوڑی پیٹھ پر سوار اس کے کاندھوں کے اسٹارز کو پوری طاقت سے کھینچ رہی تھی جیسے گھوڑے کی لگام تھام رکھی ہو۔"آپ اتنے بڑے کمانڈو ہیں، پوری بریگیڈ آپ کے نام سے سہم جاتی ہے، لیکن اس چار سال کی گڑیا کے سامنے بالکل بھیگی بلی بن جاتے ہیں،" مہرین نے چائے کی ٹرے سنبھالتے ہوئے ہنس کر کہا۔ اس کی آنکھوں میں شوخی اور شرارت کا وہی مانوس چراغ جل رہا تھا جو اسفندیار کے دل کی تاریک ترین وادیوں کو روشن کر دیا کرتا تھا۔اسفندیار نے وہیں سے گردن گھما کر مہرین کو دیکھا، اس کے لبوں پر ایک مسکراہٹ پھیل گئی۔
ملٹری اسٹریٹجی کا پہلا اصول ہے، بیگم... اس نے زویا کو گرنے سے بچانے کے لیے اس کے ننھے پیروں پر گرفت مضبوط کرتے ہوئے مصنوعی سنجیدگی سے کہا، جب کمانڈر ان چیف اور میجر جنرل دونوں ایک ساتھ محاذ پر حملہ آور ہوں، تو عافیت اسی میں ہوتی ہے کہ سپاہی بغیر کسی شرط کے ہتھیار ڈال دے۔ اور ویسے بھی، اس گھر کے اندر میرا کورٹ مارشل تو صبح ناشتے کی میز سے شروع ہو کر رات کے کھانے پر ختم ہوتا ہے۔
اچھا؟ یعنی آپ کا اشارہ میری طرف ہے؟ مہرین نے ٹرے تپائی پر رکھی اور کمر پر دونوں ہاتھ رکھ کر نقلی خفگی سے ابرو سکیڑے، تو میں ڈکٹیٹر ہوں؟ ذرا رکیے، میں ابھی کور کمانڈر صاحب کو فون ملا کر بتاتی ہوں کہ آپ کے اس میجر کو گھر میں ایک چائے کے کپ کے عوض یرغمال بنا رکھا ہے۔
اور جنرل صاحب کا جواب معلوم ہے کیا ہوگا؟اسفندیار ہنستے ہوئے اٹھ کھڑا ہوا۔ اس نے زویا کو پیٹھ سے اتار کر اپنےبازو پر ایسے بٹھا لیا جیسے وہ کوئی پھول ہو،وہ کہیں گے کہ بیٹی! اس سر پھرے کو قابو میں رکھنےپر آپ کو تمغہ ملنا چاہیے۔
مہرین کی ہنسی برآمدے کی ٹھنڈی ہوا میں موتیوں کی طرح بکھر گئی۔ وہ قریب آئی زویا کے گال کو چوما اور اسے نیچے قالین پر بکھرے کھلونوں کی طرف بہلا کر بھیج دیا۔ زویا اپنے ننھے گھوڑے کی ٹوٹی ٹانگ جوڑنے میں مگن ہو گئی، تو مہرین نے آگے بڑھ کر اسفندیار کا کالر درست کیا۔مہرین کے چہرے سے شوخی آہستہ آہستہ رخصت ہوئی اور اس کی جگہ وہ بے پایاں الفت امڈ آئی جو لفظوں کی محتاج نہیں ہوتی۔ اس نے اسفندیار کے ان ہاتھوں کو اپنے دونوں ہاتھوں میں تھام لیا جن کی پوروں پر پرانے گھاؤ اور کٹ کے نشان تھے۔آپ باہر دنیا سے لڑتے ہیں اسفند، مگر آپ کو کیا خبر کہ جب آپ محاذ پر ہوتے ہیں تو یہاں اس گھر کے در و دیوار بھی مصلے بن جاتے ہیں،مہرین کی آواز میں ایک لرزش تھی، اس نے اسفندیار کی آنکھوں میں دیکھتے ہوئے اس کے ہاتھ کی پشت پر اپنا گال ٹکا دیا،
مجھے فخر ہے آپ پر لیکن مجھے اس وردی یا ان تمغوں سے محبت نہیں ہے۔ مجھے اس سینے سے محبت ہے جوسنگلاخ پہاڑوںکے بیچ رہ کر بھی اندر سے اجلا اور مہربان ہے۔ میں دن رات یہی دعا مانگتی ہوں کہ دنیا کی نفرتیں میرے اسفند کو مجھ سے نہ چھین لیں۔
اسفندیار کے دل میں ایک ایسی لہر اٹھی جس نے اس کے تمام دفاعی حصار پاش پاش کر دیے۔ وہ جھکا اس نے مہرین کی شفق رنگ پیشانی پر اپنے تپتے ہوئے ہونٹ رکھے اور اس کے دونوں ہاتھ اپنے چہرے سے لگاتے ہوئے بہت دھیمے لہجے میں کہا:تمہاری آواز اور زویا کی ہنسی وہ واحد رسی ہے جس نے مجھے انسان رہنے دیا ہے۔ اگر تم دونوں کی یہ چھاؤں نہ ہو تو میں ان پہاڑوں کے پتھروں جیسا اندھا اور بے حس ہو جاؤں۔ میرا سارا جہان تو بس اس چوکھٹ کے اندر قید ہے۔
مہرین کی آنکھوں کے گوشے ہلکے سے نم ہوئے، مگر اس نے فوراً پلکیں جھپک کر نمی کو چھپایا اور ایک دلربا مسکراہٹ کے ساتھ اس کی چھاتی پر ہلکا سا مکا مارا۔
بس بس، اب زیادہ جذباتی ہو کر چائے کو ٹھنڈا مت کیجیے۔ ورنہ کمانڈر ان چیف کا اگلا حکم یہ ہوگا کہ آج رات کا کھانا یہ کمانڈو خود اپنے ہاتھوں سے بنائے گا۔
اسفندیار نے والہانہ انداز میں اس کی طرف دیکھا اور چائے کی پیالی اٹھاتے ہوئے سر ہلایا۔ اس شام ان کے ہنستے ہوئے گھر کے صحن میں موتیے کی خوشبو تھی، زویا کی معصوم کلکاریاں تھیں، اور دو دلوں کا وہ غیر متزلزل ربط تھا جسے وقت کے کسی طوفان سے کوئی خطرہ محسوس نہیں ہو رہا تھا۔ایک ایسا لمحہ جو بعد میں آنے والی تاریک رات کے مقابلے میں جنت کی اکلوتی جھلک بن کر ہمیشہ کے لیے اسفندیار کی روح میں نقش ہو گیا۔
اور پھر، زخمی طوری نے وہ وار کیا جو میدانِ جنگ سے بھاگے ہوئے بزدل کیا کرتے ہیں۔جب وہ پہاڑوں میں الفا کا مقابلہ نہ کر سکا، تو اس نے شہر میں موجود اپنے ایک سلیپر سیل کو استعمال کیا۔ ایک جعلی ہنگامی کال پر اسفندیار کو آدھی رات کے وقت کور ہیڈکوارٹر بلایا گیا۔ وہاں پہنچتے ہی جب اسے معلوم ہوا کہ ایسی کوئی کال نہیں کی گئی تو اس کا ماتھا ٹھنکا۔ اس نے پاگلوں کی طرح جیپ دوڑائی، مگر جب وہ اپنی گلی کے موڑ پر مڑاتو اسے اپنے گھر کی طرف سے اٹھتا ہوا سیاہ دھواں نظر آگیا تھا۔دروازہ اکھڑا ہوا تھا۔ صحن میں موتیے کی کیاری کے پاس مہرین اوندھے منہ پڑی تھی۔ اس کا سفید دوپٹہ خون میں ڈوب کر سرخ ہو چکا تھا اور اس نے مرنے سے پہلے اپنے جسم کو اندر کمرے کے دروازے کے آگے ڈھال بنانے کی کوشش کی تھی۔ اندر کمرے میں زویا کا ننھا، بے جان وجود دیوار کے کونے میں سمٹا ہوا تھا،اس کے سینے پر گولیوں کے تین نشان تھے، اور اس کی ننھی مٹھی میں لکڑی کا وہی ادھورا گھوڑا بھنچا ہوا تھا جو اسفندیار شام کو تراش رہا تھا۔
'جب صدمہ روح کی آخری تہہ تک کھرچ ڈالے تو انسان کے اندر کائنات ساکت ہو جاتی ہے اور دل کے خانے کسی جلے ہوئے کھنڈر کی طرح بے حس ہو جاتے ہیں۔ اس قیامت خیز المیے نے اسفندیار کے اندر کے جیتے جاگتے انسان کو نگل لیا تھا۔
وہ ایلفا، جس کے اعصاب فولاد کے بنے تھے اور جس کی نگاہوں کا ارتکاز دشمن کی سانسیں گن لیتا تھا، اب بریگیڈ کے بریفنگ رومز میں ایک بے روح مجسمے کی طرح بیٹھا گھنٹوں خلا میں گھورتا رہتا۔ جنگی نقشے، اسٹریٹجک کوآرڈینیٹس، مشنز کے احکامات سب اس کے لیے بے وقعت بن چکے تھے۔ سروس سے اس کا دل جیسے اچاٹ ہو گیا ہو۔ ماتحت افسران اور جوان اس کے سامنے آنے سے کتراتے تھے کیونکہ اس کے چہرے پر اترا ہوا وہ مہیب سناٹا کسی بھی دشمن کی گولی سے زیادہ ہیبت ناک تھا۔
فوج کی اعلیٰ کمان اس کی اس خطرناک حد تک بیزاری سے بخوبی واقف تھی۔ کمانڈرز جانتے تھے کہ ایلفا اب کوئی منظم فوجی نہیں رہا، بلکہ بارود کا ایسا غیر متوقع الاؤ بن چکا ہے جس کے اندر کا صدمہ کسی بھی وقت خود اس کو اور اس کے ساتھ پورے دستے کو جلا کر راکھ کر سکتا ہے۔ اس کے ہاتھوں میں سروس کے نظم و ضبط کی وہ گرمجوشی بجھ چکی تھی جو کسی کمانڈر کا خاصہ ہوتی ہے۔
بالآخر میڈیکل بورڈ کی سفارشات اور کور ہیڈکوارٹر کے تحریری احکامات کے تحت اسے بھاری دل کے ساتھ سروس سے الگ کر کے جبری رخصت پر بھیج دیا گیا۔ جنرل داؤد نے خود اس کے کاندھے پر ہاتھ رکھ کر کہا تھا کہ وہ کچھ عرصے کے لیے اس دنیا سے دور چلا جائے مگر اسفندیار کے لیے تو اس کا اپنا وجود ہی ایک میدانِ جنگ بن چکا تھا۔
کوٹھڑی کے اندر صندوق پر رکھا ہوا سیاہ ملٹری ریڈیو اچانک تھرتھرایا۔ اس کی بھاری زوں زوں نے شام کے سناٹے میں شگاف ڈالا۔ اسفندیار نے لکڑی پر جمے برادے کو پھونک مار کر اڑایا، اور بھاری قدموں سے اٹھ کر اندر گیا۔ایلفا... دوسری طرف سے جنرل داؤد کی آواز ابھری۔ ریڈیو کی سنسناہٹ کے باوجود اس آواز میں ایک شدید اضطراب تھا۔ایلفا ۔۔۔۔چرار بیس کا زمینی راستہ گلیشیئر کھسکنے سے مکمل طور پر بند ہو چکا ہے، اور برفانی طوفان کی وجہ سے ہیلی کاپٹر اڑان نہیں بھر سکتے۔ ہمارے پاس تمہارے سوا اس علاقے میں کوئی آپریٹر موجود نہیں ہے۔
اسفندیار خاموش رہا۔ہمارے انٹیلی جنس ونگ کے کرنل ہمایوں اور ان کے دو افسران کو سیاہ گھاٹی کے اوپر پرانی انگریز دور کی لکڑی والی ڈاک بنگلہ پوسٹ میں گھیر لیا گیا ہے، داؤد نے تیزی سے کہا۔ان کے پاس شمالی سرحد کی تمام چیک پوسٹوں کے نقشے اور ہمارے مخبروں کے اصل ناموں اور ان کے خاندانوں کے پتوں کی فائلیں ہیں۔ اگر صبح پَو پھوٹنے سے پہلے وہ دستاویزات سرحد پار چلی گئیں، تو عنقریب سینکڑوں گھروں میں صفِ ماتم بچھ جائے گی۔
اسفندکے کان پر جیسے جوں تک نہ رینگی۔ کتنے مسلح افراد ہیں؟ اس نے لاپرواہی سے پوچھا۔کل نو افراد ہیں داؤد نے ایک لمحے کا توقف کیا۔میجر... دستاویزات کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگاؤ کہ دہشت گردوں کے دستے کی کمان کرنے کے لیے... طوری خود سرحد پار کر کے آیا ہے۔ وہ اس وقت اسی ڈاک بنگلے میں موجود ہے۔
طوری۔۔۔۔۔یہ نام نہیں تھا، یہ پگھلا ہوا سیسہ تھا جو اسفندیار کے کانوں کے راستے اس کی رگوں میں اتر گیا۔
باہر چولہے میں جلتی ہوئی چیڑ کی لکڑی زوردار آواز سے چٹخی۔ اسفندیار کے بائیں ہاتھ میں پکڑا ہوا لکڑی کا وہ ننھا گھوڑا اس کی مٹھی کے بے پناہ دباؤ سے چرمرا کر ریزہ ریزہ ہو گیا۔ ٹوٹی ہوئی لکڑی کی ایک نوک اس کی ہتھیلی کے گوشت میں دھنس گئی اور خون کی ایک گاڑھی لکیر اس کی کلائی سے رینگتی ہوئی نیچے ٹپکنے لگی مگر اسے رتی برابر احساس نہ ہوا۔
اس نےجبڑوں کی ہڈیاں اس زور سے بھینچ لیں کہ دانتوں کے کچلنے کی آواز ابھری اور اس کی نیم وا آنکھیں جب پوری کھلیں تو ان کی سفیدی میں یکلخت لہو اتر آیا۔ یوں لگا جیسے اس کی آنکھوں کے پیالوں میں تین سال سے جما ہوا مہرین اور زویا کا خون اچانک کھول اٹھا ہو۔ اس کے سینے کی دھونکنی تیز ہوئی اور نتھنوں سے نکلنے والی گرم سانس کمرے کی سرد ہوا میں دھوئیں کی طرح لہرانے لگی۔
کوآرڈینیٹس سرحد پار نہیں جائیں گے سر۔۔۔۔۔اسفندیار کی آواز کسی گہرے کنویں سے آتی ہوئی سنائی دی۔سورج نکلنے سے پہلے حساب پاک ہو جائے گا۔اس نے ریڈیو بند کیا اور چارپائی کے نیچے سے لوہے کی صندوقچی کھینچی۔ موم جامے کی تہیں ہٹیں تو نیچے اس کی سیاہ دنیا رکھی تھی۔
ایم پی فائیو ۔۔۔۔ جس کے دھانے پر لمبا سائلنسر چڑھا ہوا تھا،بریٹا 92 ایف ایس پسٹل، سیاہ فائبر کے دستے والا دو دھاری خنجر، اورنائٹ ویژن۔
اس نے صندوق کے کونے سے ایک چھوٹی سی ٹین کی ڈبیا نکالی۔ اس کو کھولا تو اندر زویا کے بالوں کا سرخ کلپ، مہرین کے خون آلود دوپٹے کا ایک ٹکڑا، اور ایس ایس جی کمانڈو کا بیج رکھا تھا جس پرسنہری چاقو اور بجلی کی کڑک کا نشان کندہ تھا ۔اس نے مہرین کے دوپٹے کے ٹکڑے کو آنکھوں سے لگایا، اور پھر ڈبیا کو اپنی سیاہ جیکٹ کی اندرونی جیب میںعین دل کے اوپر رکھ لیا۔جب اس نے کوٹھڑی کا دروازہ کھول کر باہر قدم رکھا تو ایلفا باہر نکلا۔اسفند یار کوٹھڑی میں ہی رہ گیا ۔
سیاہ گھاٹی کی چڑھائی عمودی چٹانوں اور شیشے جیسی پھسلن سے بھری ہوئی تھی۔ درجہ حرارت منفی بارہ سے نیچے گر چکا تھا اور طوفانی ہوا برف کے باریک ذروں کو نشتر کی طرح چہرے پر مار رہی تھی۔اسفندیار دیودار کے تنوں کے سائے میں ایک ہیولے کی طرح اوپر چڑھ رہا تھا۔ ڈھائی گھنٹے کی جاں گسل مسافت کے بعد جب وہ گھاٹی کے آخری موڑ پر ایک برفانی چٹان کے پیچھے پیٹ کے بل لیٹا تو سامنے ڈیڑھ سو گز کے فاصلے پر پرانا ڈاک بنگلہ کسی سیاہ عفریت کی طرح کھڑا نظر آیا۔
عمارت کے پچھواڑے میں ایک چھوٹا سا ڈیزل جنریٹر دھک دھک کر رہا تھا۔ اندر ہال کی کھڑکیوں کے ٹوٹے ہوئے شیشوں پر پرانے کمبل ٹانگے گئے تھے، جن کی درزوں سے زرد روشنی کی لکیریں باہر برف پر گر رہی تھیں۔
اسفندیار نے اپنی آنکھوںنائٹ ویژن عینک لگائی تو منظر سبز روشنی میں نہا گیا۔باہر لکڑی کے برآمدے میں دو سنتری پہرہ دے رہے تھے۔ ایک بائیں کونے کے ستون سے ٹیک لگائے کمبل اوڑھے کھڑا تھا اور دوسرا سیڑھیوں کے پاس ٹہل کر سگریٹ پی رہا تھا۔اسفندیار نے رائفل پیٹھ پر کسی خنجر دائیں ہاتھ کی الٹی گرفت میں لیا اور برف کے سفید قالین پر رینگتا ہوا عمارت کے عقب سے برآمدے کے جنگلے پر چڑھ گیا۔ ستون کے ساتھ کھڑا پہرے دار اونگھ رہا تھا۔ اس سے پہلے کہ اسے اپنے پیچھے کھڑی موت کاگمان بھی ہوتا اسفندیار کا بایاں ہاتھ اس کے منہ اور ناک پر جما اور دائیں ہاتھ کا خنجر ہنسلی کی ہڈی کے عین اوپر سے گردن کی شہ رگ کو کاٹتا ہوا نکل گیا۔
گرم خون کا ایک فوارہ اسفندیار کے سیاہ دستانے پر گرا۔ پہرے دار کے جسم نے دو شدید جھٹکے کھائے اور پھر ڈھیلا پڑ گیا۔ اسفندیار نے اس کی لاش کو آہستگی سے کونے میں بٹھا دیا۔سیڑھیوں والا دوسرا سنتری سگریٹ پھینک کر جیسے ہی برآمدے کے اس سرے کی طرف مڑا اسفندیار اندھیرے سے نکل کر اس کے بالکل پیچھے آ کھڑا ہوا۔ سنتری نے آہٹ پا کر گردن موڑنی چاہی، مگر اسفندیار نے اس کی گردن کو بائیں ہاتھ کی ہتھیلی میں جکڑا اور دائیں بازو کو اس کے سر کے پیچھے پھنسا کر ایک ہی جھٹکے میں پورا زور لگا دیا۔کڑک۔۔۔۔!سوکھی لکڑی کے ٹوٹنے جیسی ایک مدہم آواز ابھری اور سنتری کی آنکھیں ابل پڑیں اور اس کا بے جان جسم برف پر ڈھیر ہو گیا۔اسفندیار نے ایک لمحہ ضائع کیے بغیر برآمدے کے نیچے سے گزرنے والی جنریٹر کی موٹی سیاہ تار کو خنجر کی ایک ہی ضرب سے کاٹ کر الگ کر دیا۔ اندر ہال میں جلنے والا بلب ایک چنگاری کے ساتھ بجھا اور پورا ڈاک بنگلہ تاریکی میں ڈوب گیا۔
اوئے! یہ بتی کو کیا ہوا؟ باہر دیکھو جنریٹر کو کیا ہوا ہے؟اندر سے ایک کرخت آواز گونجی۔ اس کے ساتھ ہی بندوقوں کے کھٹکنے اور قدموں کی ہلچل شروع ہو گئی۔
اسفندیار نے مرکزی دروازے کی جھری سے اندر جھانکا۔ وسط میں لوہے کی ایک بڑی انگیٹھی دھک رہی تھی جس کے سرخ انگارے اندھیرے میں لرزاں سائے بنا رہے تھے۔ کونے میں کرنل ہمایوں اور ان کے دونوں افسران رسیوں میں جکڑے لہولہان پڑے تھے۔ ہال میں سات دہشت گرد تھےچھ انگیٹھی اور دروازے کے درمیان، اور سب سے پیچھے میز کے پاس وہی سیاہ عمامے اور کٹے ہوئے گال والاشخص کھڑا تھا۔طوری۔۔۔
جیسے ہی پہلا شخص ہاتھ میں ٹارچ جلاتا ہوا دروازے کی کنڈی کھولنے بڑھا، اسفندیار نے باہر سے دروازے کو ایک زوردار دھکے سے اندر کی طرف کھولا۔ بھاری تختہ سیدھا اس کے منہ پر لگا، ٹارچ فرش پر گر کر لڑھکنے لگی، اور گھومتی ہوئی روشنی کے بیچ اسفند اندر داخل ہوا۔سائلنسر لگی ایم پی فائیو نے موت کی سرگوشی کی۔ دو گولیاں دروازے کے پاس گرے شخص کے سینے میں اتریں۔ اس سے پہلے کہ باقی کارندے سنبھلتے، اسفندیار فرش پر قلابازی کھاتا ہوا پرانے صوفے کی اوٹ میں آ چکا تھا۔فائر کرو! کون ہے یہ !ایک دہشت گرد چلایا اور اس نے اندھا دھند کلاشنکوف کا دہانہ دروازے کی طرف کھول دیا۔ گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے لکڑی کے تختے اڑنے لگے۔مگر ان کی بندوقوں کے شعلوں نے ہی اندھیرے میں ان کا پتہ دے دیا۔
اسفندیار نے صوفے کے پیچھے سے اٹھ کر محض تین سیکنڈ میں نپے تلے برسٹ مارے۔ ایک گولی فائر کرنے والے کے عین ماتھے کے بیچ لگی۔ دوسرے دو کارندے جو میز کی اوٹ لینے بھاگ رہے تھے، ان کی گردنوں اور سینوں کو نو ملی میٹر کے راؤنڈز نے چیر کر رکھ دیا۔ چوتھے شخص نے اندھیرے میں رائفل سیدھی کرنی چاہی مگر اسفندیار کی گولی اس کی آنکھ کے راستے دماغ کے پار ہو گئی۔
اسفند نے خالی میگزین گرایا۔ میگزین گرنے کی آواز پر پانچویں دہشت گرد نے خنجر لے کر اس پر چھلانگ لگائی۔ اسفند نے رائفل کی نال سے اس کا وار روکا اور اپنا گھٹنا پوری قوت سے اس کے پیٹ میں مارا،جیسے ہی وہ دہرا ہوا، اس کا سر پکڑ کر دہکتی ہوئی لوہے کی انگیٹھی پر دے مارا۔ گوشت جلنے کی بو اٹھی اوراسفندیار کا خنجر اس کی ریڑھ کی ہڈی میں اتر گیا۔
چھٹا شخص جو پچھلی کھڑکی توڑ کر بھاگنے لگا تھا، اسفند کی پستول کی ایک ہی گولی سے کھڑکی کے چوکھٹے میں ہی لٹک کر ساکت ہو گیا۔
محض تیس سیکنڈ میں ہال کے اندر چھ لاشیں بچھ چکی تھیں۔ اب کمرے میں صرف گولیوں کا دھواں، جلتے کوئلوں کی چٹخ، اور فرش پر بہتے ہوئے خون کی تانبے جیسی بو باقی تھی۔فرش پر پڑی ٹارچ کی مدہم روشنی کمرے کے آخری کونے پر پڑ رہی تھی۔ جہاں طوری کھڑا تھا۔ اس نے زخمی کرنل ہمایوں کو گریبان سے کھینچ کر اپنے سامنے ڈھال بنا لیا تھا اور اس کا بھاری ریوالور کرنل کی کنپٹی میں دھنسا ہوا تھا۔
اسفندیار نے آہستہ سے نائٹ ویژن چشمہ ہٹایا اور دو قدم آگے آیا۔طوری نے جب اس کا چہرہ دیکھا تو اس کی آنکھیں دہشت سے ابل پڑیں جیسے اس نے کسی مردے کو قبر پھاڑ کر آتے دیکھ لیا ہو۔"ت... تم؟" طوری کی زبان لڑکھڑا گئی، ریوالور والا ہاتھ بری طرح کانپنے لگا۔ ایلفا... تم تو پاگل ہو کر جنگلوں میں مر کھپ گئے تھے!اسفندیار کی آنکھوں میں اترا ہوا لہو انگیٹھی کے انگاروں سے زیادہ سرخ تھا۔وہیں رک جاؤ! طوری کا گلا خوف سے پھٹنے لگا "ایک قدم اور بڑھایا تو میں اس کا بھیجا اڑا دوں گا! ایلفا! اگر تم آگے آئے تو ان میں سے کوئی بھی نہیں بچے گا!
تم نے رات کے اندھیرے میں ایک نہتی عورت اور چار سال کی بچی پر گولیاں چلائی تھیںطوری۔کیونکہ تمہارے اندر کسی مردکی آنکھوں میں دیکھ کر لڑنے کی ہمت نہیں تھی۔اسفندیار کی آواز اتنی سرد اور بھاری تھی کہ کمرے کی دیواریں تک سہم گئیں۔ اسفندیار نے ایک قدم اور آگے بڑھایا۔"میں کہہ رہا ہوں رک جاؤ! میں گولی چلا دوں گا!" طوری نے ریوالور کا گھوڑا پیچھے کھینچا۔"چلا دو،" اسفندیار نے اس کی آنکھوں میں جھانکتے ہوئے کہا۔یہ تمہارا ہاتھ کیوں کانپ رہا ہے طوری۔ جب سامنے موت کھڑی ہو، تو تم جیسےنامردوںکے ہاتھ شل ہو جاتے ہیں۔ گولی چلاؤ... تاکہ مجھے تمہیں جلدی مارنے کا افسوس نہ ہو۔خوف اور بوکھلاہٹ میں طوری کی نظر کرنل سے ہٹ کر اسفندیارپر گئی اور اس نے اضطراری طور پر ریوالور کی نال کو کرنل کی کنپٹی سے ہٹا کر اسفندیار کی طرف موڑنا چاہا۔اسفندکو صرف اسی کا انتظار تھا۔اسفندیار کا دایاں ہاتھ بجلی کی تیزی سے حرکت میں آیا۔ بریٹا 92 ایف ایس پستول ہولسٹر سے نکلی اور فضا میں سیدھی ہونے سے پہلے ہی شعلہ اگل چکی تھی۔ مگر یہ گولی طوری کے ماتھے کے لیے نہیں تھی۔اسفندیار اسے بے درد موت کی بخشش نہیں دے سکتا تھا۔ گولی طوری کی دائیں کہنی کے جوڑ کو پاش پاش کرتی ہوئی نکل گئی۔ ریوالور اس کے کٹے ہوئے ہاتھ سے چھوٹ کر دور جا گرا۔
طوری بلبلاتا ہوا گھٹنوں کے بل گرا ہی تھا کہ اسفندیار نے دو چھلانگوں میں فاصلہ مٹایا۔ اس نے کرنل ہمایوں کو پیچھے کھینچا، اور اپنا بھاری بوٹ پوری قوت سے طوری کے سینے پر دے مارا۔ طوری پیچھے لکڑی کے ستون سے جا ٹکرایا اور اسفندیار اس کے سینے پر سوار ہو گیا۔ اسفندیار نے اپنے بائیں ہاتھ سے طوری کا گلا دبوچا۔ طوری اپنے ٹوٹے ہوئے بازو کے درد اور گھٹتی ہوئی سانس کے بیچ گڑگڑانے لگا، مجھے... مجھے فوج کے حوالے کر دو....اسفندیار نے اپنی جیکٹ کی جیب سے وہ ٹین کی ڈبیا نکالی اور اسے کھول کر طوری کی پھیلی ہوئی آنکھوں کے بالکل سامنے کیا۔اس میں میری زویا کے بالوں کی کلپ ہے، طوری، اسفندیار کی آواز میں ایک ٹوٹے ہوئے باپ کا سارا کرب سمٹ آیا تھا۔ وہ اس رات میرے ہاتھ کا بنایا ہوا لکڑی کا گھوڑا مٹھی میں دبا کر سوئی تھی۔ تم نے اس کے ننھے سے سینے میں تین گولیاں ماری تھیں۔طوری کے ہونٹ کپکپائے، مگر کوئی لفظ باہر نہ آ سکا۔
اسفندیار نے اپنا سیاہ دو دھاری خنجر نکالا۔ اس نے خنجر کی نوک طوری کے سینے کی بائیں جانب رکھی، اور اپنی پوری قوت کے ساتھ اسے آہستہ آہستہ پسلیوں کے درمیان سے گزارتا ہوا دل کی گہرائی تک اتار دیا۔ وہ اس وقت تک طوری کی آنکھوں میں جھانکتا رہا جب تک ان آنکھوں کی دہشت ایک سرد، بے جان شیشے میں تبدیل نہ ہو گئی۔
طوری کا سر ایک طرف ڈھلکا، اور تین سال سے بہتا ہوا زخم آخرکار مندمل ہو گیا۔
اسفندیار نے خنجر نکال کرطوری کے گندی قمیص سے صاف کیا۔ جب وہ اپنی جگہ سے اٹھا تو اس کے کندھوں سے جیسے صدیوں کا بوجھ اتر چکا تھا۔ اس کی آنکھوں میں اترا ہوا وہ سرخ طوفان اب تھم چکا تھا۔اس نے آگے بڑھ کر کرنل ہمایوں اور نوجوان افسران کی رسیاں کاٹیں۔
کھڑکی کے کمبل کے پیچھے سے صبحِ صادق کی پہلی سنہری کرن پھوٹ رہی تھی۔ رات کا برفانی طوفان تھم چکا تھا اور وادیٔ تیراہ کی چوٹیاں تازہ برف کی سفید چادر اوڑھے چمک رہی تھیں۔نوجوان کیپٹن نے میز پر بکھری ہوئی فائلیں سمیٹ کر سینے سے لگائیں۔ اس کے ہاتھ میں اپنی تین سالہ بیٹی کی ایک چھوٹی سی تصویر تھی جو اس کی جیب سے گر گئی تھی؛ کیپٹن نے روتے ہوئے اس تصویر کو چوما کہ آج وہ زندہ بچ گیا تھا۔
اسفندیار کی نظر اس نوجوان کیپٹن کے ہاتھ میں پکڑی بچی کی تصویر پر پڑی۔ وہ چند لمحے خاموشی سے اسے دیکھتا رہا۔
کرنل ہمایوں لنگڑاتے ہوئے اسفندیار کے قریب آئے۔ ان کی آنکھیں نم تھیں اور چہرے پر احسان مندی کا بوجھ تھا ۔ انہوں نے اپنے کانپتے ہاتھوں سے اسفندیار کے شانے کو تھاما اور اس کی آنکھوں میں جھانکا۔
میجراسفند... ایلفا... کرنل کے گلے سے آواز بمشکل نکلی، تمہارا شکریہ ادا کرنے کے لیے میرے پاس کوئی لفظ نہیں ہے۔ تم نے آج صرف ہم تینوں کی جانیںنہیں بچائیںبلکہ اس پوری ریاست کی شہ رگ کو کٹنے سے بچا لیا ہے۔ اگر یہ فائلیں طوری کے ہاتھ لگ جاتیں تو نجانے کل کتنے سپاہیوں کے گھروں پر صفِ ماتم بچھ جاتی۔ میں ایک سینیئر افسر کی حیثیت سے نہیں، ایک احسان مند بھائی، ایک باپ طور پر تمہارے سامنے سر جھکاتا ہوں۔ تم نے ثابت کر دیا کہ ایلفا صرف ایک نام یا رینک نہیں اس سرزمین کی ناقابلِ تسخیر فصیل کا نام ہے۔
اسفندیار نے پلکیں جھپکائے بغیر صرف ہلکا سا سر ہلایا۔ اس کی آنکھوں میں اب وہ سرخ انگاروں کی جگہ ایک سنجیدگی امڈ آئی تھی۔
کرنل ہمایوں نے میز کی طرف قدم بڑھایا جہاں انکرپٹڈ ریڈیو سیٹ سگنل موصول ہونے پر مسلسل لرز رہا تھا۔
اسفند یار کے ذہن میں اپنے جلے ہوئے گھر کا صحن ابھرا اور پھر اس نے کیپٹن کے ہاتھ میں موجود اس ننھی بچی کی تصویر کو دیکھا۔ ایک اجڑی ہوئی گود کا درد کیا ہوتا ہے، اور خالی صحن انسان کو کیسے کاٹتا ہے۔یہ میجر اسفندیار سے بہتر کون جانتا تھا؟اسفند یار کھڑکی سے باہر کی وادی کو دیکھنے لگا۔
کرنل نے رسیور اٹھایا اور تکلیف کو بالائے طاق رکھتے ہوئے، پورے فوجی وقار کے ساتھ ٹرانسمیٹر کا بٹن دبایا۔جنرل داؤد! ڈاک بنگلہ مکمل طور پر کلیئر ہو چکا ہے، سر!" کرنل کی آواز ایک بے پناہ جوش امڈ آیا، "اسٹریٹجک کوآرڈینیٹس اور ہمارے انٹیلی جنس نیٹ ورک کا تمام ڈیٹا محفوظ کر لیا گیا ہے اور طوری... اپنے نو کے نو درندوں سمیت جہنم واصل ہو چکا ہے!دوسری طرف سے جنرل داؤد کی ایک دم چونک اٹھنے والی آواز ابھری، ہمایوں!کیا اسفند نے رابطہ ہواتھا؟
سر! اسفند سے رابطہ تو نہیں ہوا مگر ایلفا یہاں پہنچ چکا ہے اور یہ اسی کا کارنامہ ہے!کرنل ہمایوں نے ریڈیو کے مائیک پر فخر سے لبریز لہجے میں کہا، ان کی نگاہیں سامنے کھڑے اسفندیار پر جمی تھیں،
ریڈیو کے پار چند ثانیوں کے لیے گہرا سکوت چھا گیا، جیسے جنرل داؤد اس خبر کو اپنے حواس میں اتار رہے ہوں۔ پھر ان کی ایک گہری طمانیت بھری سانس کی آواز ابھری۔ایلفا زندہ باد...جنرل داؤد کے لہجے میں فخر واضح تھا۔ مگر اگلے ہی لمحے ان کا لہجہ فوری سنجیدگی میں ڈھل گیا۔۔۔۔ہمایوں! طوری کا خاتمہ اس فتنے کے سر پر کاری ضرب ضرور ہے، مگر جی ایچ کیو کے تازہ ترین سگنل انٹیلی جنس انٹرسیپٹس بتا رہے ہیں کہ شوال اور راجگال کی پچھلی گھاٹیوں میں خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے۔
کرنل ہمایوں نے چوکنا ہو کر کان ریڈیو سے مزید قریب کیے۔طوری کے تین سب سے بے رحم ذیلی کمانڈر زرخان، جلاد اور شمشیرسرحد کے اس پار باقی ماندہ بچے کھچے جنگجوؤں کو جمع کر رہے ہیں۔جنرل داؤد نے فوری لائحہ عمل واضح کرتے ہوئے کہا۔
طوری کی ہلاکت کی خبر ان تک پہنچتے ہی وہ بوکھلاہٹ اور انتقام میں کسی بھی قریبی چھاؤنی، اسکول یا چیک پوسٹ پر فدائین حملہ کرنے کی تیاری میں ہیں۔ ہمارا اگلا ٹاسک یہ ہے کہ دشمن کو اس صدمے سے سنبھلنے کا ایک لمحہ بھی نہ دیا جائے۔ اس سے پہلے کہ وہ نئے خودکش اسکواڈز کو حرکت میں لائیں، ہمیں شوال کے ریڈ زون میں ان کے تینوں خفیہ ٹھکانوں پر سرجیکل اسٹرائیک کر کے اس نیٹ ورک کی آخری جڑیں بھی اکھاڑنی ہوں گی۔ ہمایوں! ایلفا سے بات کرواؤ...
اسفندیار نے کھڑکی سے باہر روشنی میں نہائی ہوئی وادی کو دیکھا۔ اپنی جیکٹ کی اندرونی جیب سے وہ ٹین کی ڈبیا نکالی۔ اس نے زویا کی کلپ اور مہرین کے دوپٹے کے ٹکڑے کو چوم کر واپس دل کے پاس رکھا، اور ڈبیا میں سے اپنا ایس ایس جی کمانڈو کا سنہری بیج نکال کر اپنے بازو پر بائیں جانب ٹانک لیا۔من استقام۔۔۔جو ڈٹ گیا۔
اس نے میز پر پڑا ہوا ریڈیو سیٹ اٹھایا، اپنی ایم پی فائیو میں نیا میگزین لوڈ کر کے چیمبر کھینچا، اور ٹرانسمیٹر کا بٹن دبایا:"ہیلو ہیلو ۔۔۔۔جنرل داؤد... دس از ایلفا،" اس کی آواز میں ایک وقار تھا۔ ڈاک بنگلہ کلیئر ہو چکا ہے اور امانت محفوظ ہے۔ مجھے ہیڈکوارٹر بلانے کی ضرورت نہیں، سر۔ شوال کے اگلے اہداف کے کوآرڈینیٹس بھیجیں... ایلفا اپنے اگلے مشن کے لیے روانہ ہو رہا ہے۔
اس نے ریڈیو بیلٹ کے ساتھ لگایا کرنل ہمایوں کو سلیوٹ پیش کیا اور اپنی رائفل سنبھالتے ہوئے بنگلے کی دہلیز پار کر گیا۔ وہ اب سرحد کی ان چوٹیوں کی طرف بڑھ رہا تھا جہاں درندوں کا شکار ابھی باقی تھا، تاکہ اس کے وطن کے کسی اور گھر کا چراغ کبھی بجھنے نہ پائے۔
#قرطاس
47
اُٹھاؤ خاک نشینوں کو ان کے خیموں سے
بجاؤ طبل دوبارہ کہ جنگ جاری رہے
میں چاہتا ہوں کہ وہ حسن ہو حیا بردار
میں چاہتا ہوں محبت میں بے قراری رہے
یہ گوشہ گیری یہ دنیا سے دوریاں کب تک
کہاں تلک ترا مجذوب اشتہاری رہے
ابد تلک یہ اجالا ہو راہ میں آرب
ازل سے اتری ہوئی روشنی ہماری رہے
روزنِ قرطاس | 24 نومبر 2026
آج کیجیئے اپنا ہی سامنا
ذرا ماضی کے دریچے میں جھانکیئے...
اگر آپ کو دس سال پہلے والے اپنے آپ سے ملنے اور اسے صرف ایک مشورہ دینے یا ایک نصیحت کرنے کا موقع مل جائے تو آپ اسے کیا کہیں گے؟
کون سی بات سمجھانا چاہیں گے، کس غلطی سے بچانا چاہیں گے اور کون سا خواب کبھی نہ چھوڑنے کی تلقین کریں گے؟
دیکھتے ہیں خود سے اس مکالمے میں کون خود کو کیا کہتا ہے۔
قرطاس! الفاظ سے احساس تک۔
#قرطاس
مجھ سوا کوئی نہ آیا مگر اس رستے پر
گو زمانے ہوئے اس راہ کو ہموار ہوئ
نیند میں بھی نہ ترا وصل راس آیا ہمیں
تیرا چھونا تھا کہ ہم خواب سے بیدار ہوئے
میر نے ہم کو کسی اور کا ہونے نہ دیا
ہم نہ غالب کے مقلد نہ طرفدار ہوئے
آرب
#قرطاس
تاریخ دیکھتا رہا دنیا کی دیر تک
دنیا کا احترام کیا ہی نہیں گیا
جلدی بہت تھی ہم کو پہنچنے کی اس کے پاس
چلتے رہے قیام کیا ہی نہیں گیا
سب کی سزا معاف ہوئی تیرے نام پر
قیدی کوئی غلام کیا ہی نہیں گیا
تم تو ابھی سے شور مچانے لگے ہو دوست
جینا ابھی حرام کیا ہی نہیں گیا
ہمیں تو خوف تھا دائم حیات پانے کا
کہ کون چاہے گا ہر وقت گریہ زاری رہے
یہ گوشہ گیری یہ دنیا سے دوریاں کب تک
کہاں تلک تیرا مجذوب اشتہاری رہے
وہی شاہِ لولاک، سلطانِ دوراں، وہی وجہِ تخلیقِ ہر دو جہاں ہیں🖤
سُبْحَانَ الَّذِیْ اَسْرٰی
حرم کی خموشی میں ٹھہرا زمانہ، بُراقِ سُبک پَر جو چمکا فضا میں
تو ساکت زمانے نے اقصیٰ سے پوچھا، یہ کیسی اذاں ہے
یہ شب میں مثالِ سحر کون گزرا
تو اقصیٰ نے اپنی بلندی سے نظریں اُٹھا کر
فلک کے ستاروں سے پوچھا یہاں انبیا کی امامت ہوئی، پھر گئے آسماں پہ
یہ خورشید و مہ سے اُدھر کون گزرا
ستاروں نے کھلتے ہوئے نور برساتے ساتوں فلک کے دروں سے یہ پوچھا
ہر اِک در کھلا کیوں، صدا مرحبا کی کہاں سے اُٹھی ہے
یہ افلاک میں بے خطر کون گزرا
فلک کے دروں نے وہاں بیتِ معمور کے گِرد نوری فرشتوں سے پوچھا
یہ تسبیح و تہلیل تھم کیوں گئی، پَر سمیٹے کھڑے ہو
یہ بن کر ضیائے نظر کون گزرا
فرشتوں نے نورِ ازل میں نہائے ہوئے
سدرۂ منتہیٰ سے یہ پوچھا
ترے پار جانا روا ہی نہیں تھا، مگر آج دیکھا
کہ سدرہ سے آگے بشر کون گزرا
تو سدرہ نے جبریل سے یوں کہا، تم تو سردارِ قدسی ہو،
پھر کیوں رُکے ہو یہاں اپنے نوری پَروں کو جھکایا، تو اتنا بتاؤ
تمہیں تو ہے ساری خبر، کون گزرا
وہ بولے اگر اِک قدم بھی بڑھا میں، تو میرے یہ پَر جل اُٹھیں گے
ضیا سے حبیبِ خدا ہیں، جنہیں خود بلایا ہے رب نے،
تو دیکھو یہ عرشِ علا کے نگر کون گزرا
تو ٹھہرے زمانے نے، اقصیٰ، ستاروں، فلک نے، فرشتوں نے، سدرہ نے دیکھا
کہ خود عرشِ اعظم نے چومی، قدم سے لگی خاکِ بطحا
کھُلا تب سبھی پر، یہی مصطفیٰؐ ہیں
وہ محبوبِ عالم، خدا کی خدائی کا محور، وہی جانِ کون و مکاں ہیں
کہ جن کے لیے وہ بُراقِ سُبک پَر اُتارا گیا تھا،
زمیں آسماں کو سجایا گیا تھا
وہی شاہِ لولاک، سلطانِ دوراں، وہی وجہِ تخلیقِ ہر دو جہاں ہیں
ہٹے سارے پردے، مِٹے فاصلے، کیا عجب وہ سماں تھا
وہ مہمانِ رب تھے، خدا میزباں تھا
آرب ہاشمی
@AribHashmi
#قرطاس
#اردو_زبان
اب میں کیا کہوں 🤷
خیر۔۔۔۔۔جون ایلیا کا شعر پڑھیں
میرے کمرے کو سجانے کی تمہیں خواہش ہے
میرے کمرے میں کتابوں کے سوا کچھ بھی نہیں
🤖 Made with AI
جو بولتے ہو تو ہوتے ہیں حرف و صوت تہی
جو کھولتے ہو زباں خاک اڑتی رہتی ہے
میں کیا سناوں تمہیں قصہ اپنی وحشت کا
میں کیا بتاوں کیاں خاک اڑتی رہتی ہے
آرب🍁
#قرطاس
اجل کی آنکھ میں ڈر زندگی کا ہے کہ نہیں
اجل سے آنکھ ملاتا ہوں اور دیکھتا ہوں
یہ بہتے بہتے سمندر کی اور جائیں گی
سو کشتیوں کو بہاتا ہوں اور دیکھتا ہوں
کسی کو آتی ہے وحشت سمجھ میں بھی آرب
جہاں میں خاک اڑاتا ہوں اور دیکھتا ہوں
وہ دیکھتا ہے مجھے کس نظر سے محفل میں
اب اس کے سامنے جاتا ہوں اور دیکھتا ہوں
میں جھانکتا ہوں یونہی اس کے دل کے گوشوں میں
نظر نظر سے ملاتا ہوں اور دیکھتا ہوں
@AribHashmi
#قرطاس
#اردو_زبان
الٰہی آمین الٰہی آمین ۔۔۔۔اللہ سوہنا مجھے ریاکاری و تکبر کے شر سے محفوظ رکھے اور آپ کی دعائیں حرف بہ حرف سچ ہوں۔💞
کچھ لوگوں کی شاعری، گفتگو یا پھر یوں کہہ لیں کہ ان کی موجودگی بھی روح کو سیراب کر دیتی ہے اور جناب @AribHashmi کی شخصیت اسی کمال کی حامل ہے۔
آپ کے اشعار میں جو پاکیزگی، ادب اور حضورِ اکرم ﷺ سے والہانہ محبت جھلکتی ہے، وہ ہر سننے اور پڑھنے والے کو اپنا گرویدہ بنا لیتی ہے۔
اس عظیم ادبی و روحانی کامیابی (240 شعرا میں تیسری پوزیشن) پرآپ کو ڈھیروں مبارکباد! یہ کامیابی یقیناً اس بات کی علامت ہے کہ آپ کا کلام باگارہِ رسالتﷺ میں قبولیت پا گیا ہے۔
دعا ہے کہ اللہ پاک آپ کو دونوں جہانوں کی تمام عزتوں سے نوازے اور دنیا و آخرت کا کامیاب ترین انسان بنائے۔ آمین یا مجیب!
#قرطاس
#اردو_زبان
ᴀʀɪʙ ʜᴀꜱʜᴍɪ▪️ retweeted
سبحان اللہ! دل کی اتھاہ گہرائیوں سے بہت بہت مبارک ہو! ❤️
آقا علیہ الصلوٰۃ والسلام کی مدحت کا یہ اعزاز اور 240 شعرا میں نمایاں کامیابی یقیناً ربِ کریم کی خاص رحمت ہے۔
اللہ رب العزت اس خوبصورت سعادت کو قبول فرمائے اور آپ کو دنیا و آخرت میں مزید کامیابیوں اور عزتوں سے نوازے۔ آمین! 🤲🌸
الحمدللہ ۔۔❣️
حضور سرورِ کائنات ﷺ کی مدحت سرائی اور ثنا خوانی بذاتِ خود ایک عظیم سعادت اور توفیقِ خداوندی ہے۔💞
منظوم ردیفی نعتیہ مشاعرہ میں 240 شعرا میں سے تیسری پوزیشن کا اعزاز ملنا میرے لیے باعثِ فخر و تشکر ہے۔
#قرطاس
الحمدللہ ۔۔❣️
حضور سرورِ کائنات ﷺ کی مدحت سرائی اور ثنا خوانی بذاتِ خود ایک عظیم سعادت اور توفیقِ خداوندی ہے۔💞
منظوم ردیفی نعتیہ مشاعرہ میں 240 شعرا میں سے تیسری پوزیشن کا اعزاز ملنا میرے لیے باعثِ فخر و تشکر ہے۔
#قرطاس
عشق پھر اپنی پناہوں میں اسے رکھتا ہے
جس کو بے رحم و کرم چھوڑ دیا جاتا ہے
اب ذرا سیکھ لے خاموش تکلم کرنا
کاسہء حرف یہاں توڑ دیا جاتا ہے
#قرطاس
ᴀʀɪʙ ʜᴀꜱʜᴍɪ▪️ retweeted
پلٹ کے اِس نے نہ دیکھا دیارِ غیر کی سمت
جہانِ رنگ سے دل کا لگاؤ ختم ہوا
چند اشک آنکھ سے گِر کر بجھا گئے اس کو
بھڑک رہا تھا جو دل میں الاؤ ختم ہوا
آرب ھاشمی
@AribHashmi
#اردو_زبان
لدا ہوا تھا محبت کے بار سے آرب
ثمر گرے تو شجر کا جھکاؤ ختم ہوا
@AribHashmi
سفر کٹا تو رگوں کا تناؤ ختم ہوا
زمینِ دہر پہ اپنا پڑاؤ ختم ہوا
پلٹ کے اس نے نہ دیکھا دیارِ غیر کی سمت
جہانِ رنگ سے دل کا لگاؤ ختم ہوا
بہم تھے روح و بدن جب تلک تناؤ میں تھے
شکستہ ہو گئی ڈوری کھچاؤ ختم ہوا
لدا ہوا تھا محبت کے بار سے آرب
ثمر گرے تو شجر کا جھکاؤ ختم ہوا
@AribHashmi
ﷺ
خدا کو ڈھونڈنا ہے تو حضور کو ڈھونڈو
اگر حضور نہ مل پائے تو خسارہ ہے
ابھی نہ بھاگو مقدر سے اس طرح آرب
ذرا رکو شہِ لولاک کو پکارا ہے
اتنی نازک مزاج سی لڑکی
ہجر کا بوجھ کیسے ڈھونے لگی
اس نے میری غزل سنی آرب
پھر مجھے داد دے کے رونے لگی





























